اوکاڑہ؛اسسٹنٹ کمشنر چوہدری غلام مصطفیٰ کا سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ، بولی کے عمل کا جائزہ لیا

58

اوکاڑہ،04نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی زیرہدایت اسسٹنٹ کمشنر چوہدری غلام مصطفیٰ جٹ نے علیٰ الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا۔ انہوں نے سبزیوں و پھلوں پر بولی کے عمل کا جائزہ لیا اور صارفین سے سبزیوں و پھلوں کے نرخوں بارے بھی دریافت کیا۔

 اسسٹنٹ کمشنرنے سبزی منڈی میں کسان پلیٹ فارم پرسبزی لانے والے کاشتکاروں سے گفتگو بھی کی اور کاشتکاروں کی جانب سے روزآنہ کی بنیاد پر لائی جانے والی سبزیوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا ۔

 اسسٹنٹ کمشنر چوہدری غلام مصطفیٰ جٹ نے مختلف سبزی اور پھلوں کی دکانوں پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کئے گئے نرخ نامے بھی چیک کئے ۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران وعملہ کو ہدایت کی کہ سبزی اور پھلوں کی تمام دکانوں پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخ نامے ہر صورت میں موجود ہونے چاہیئں تاکہ صارفین مقررہ نرخوں پر سبزیو ں و پھلوں کی خریداری کر سکیں۔

انہوں نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  اگر کوئی دوکاندارمارکیٹ کمیٹی کے مقررہ ریٹ سے زیادہ پیسوں کا مطالبہ کرے تو ڈپٹی کمشنر آفس کے مرکزی کنٹرول روم نمبر 0449200287پر اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔