مری میں سیاحوں کی سہولت کیلئے سنو فال ایمرجنسی پلان فائنل کرلیا گیا ہے؛ڈپٹی کمشنر  آغاظہیر عباس شیرازی

14

مری،09نومبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر  آغاظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ برفباری میں ملکہ کوہسار مری آنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں  کے لیے حکومت پنجاب کی ہدایات  پر ہر ممکن سہولیات  فراہم کرنے کے لیے  اقدامات  کیے جارہے ہیں، اس سلسلہ میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی سربراہی میں  ہونے والی میٹنگ میں  سنو فال ایمرجنسی پلان بھی فائنل کرلیا گیا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی کمشنر ضلع مری آغاظہیر عباس شیراز  نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پلان کے مطابق  مری  میں سیاحوں  کی سہولت  کے لیے 13 فسلیٹیشن سینٹرز بھی قائم کر دیئے گئےہیں،  ہرسنٹرز میں ہائی وے مشینری سمیت دیگر متعلقہ  محکمے بھی موجود ہونگے اور  محکمہ ہائی وے مکینکل مشینری  ایک سو کے قریب افراد کو  برفباری سیزن کے لیے ہائر کریں گا۔

 ڈپٹی کمشنر  آغاظہیر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ سڑکوں سے برف صفائی کے لیے 58 کروڑ  روپے کی مزید مشینری اور گاڑیاں خریدنے کے  ٹینڈر بھی اوپن ہونے جا رہے ہیں جبکہ سڑکوں  پر کیمیکل چھڑکاؤ کے لیے محکمہ نےنمک بھی خرید لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ برف باری کسی وقت بھی ہو سکتی ہے  اس کے لیے ہمیں الرٹ رہنا ضروری ہےاور برفباری  کے دوران  یہاں آنے والے سیاحوں کو ہرممکن  سہولیات  فراہم  کرنے کے لیے  تمام محکموں کو ہدایات  بھی جاری کر دی گئیں ہیں۔