حکومت امن وامان، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ دینے کیساتھ خطے کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان

11

 

کوئٹہ، 29 نومبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی جیو پولیٹیکل اہمیت کسی کی نظروں سے پوشیدہ نہیں، صوبے میں بحالی امن اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، نگران حکومت امن وامان، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ دینے کے ساتھ خطے کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں 12 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ورکشاپ کے شرکاءکو سیکرٹری پلاننگ لعل جان جعفر نے بلوچستان کے مجموعی بجٹ، گورننس، حکومتی ترجیحات ترقیاتی منصوبوں اور درپیش چیلنجز ٰاور مستقبل کی حکمت عملی پر مشتمل تفصیلی بریفنگ دی۔

 شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ قدرتی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری سے معاشی مواقع اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا ہو سکتے ہیں اس لئے بلوچستان میں قدرتی وسائل میں سرمایہ کاری کے لئے جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ عالمی اور قومی سرمایہ کاروں کو راغب کرکے معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں ، نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان مہمان نوازی اور روایتوں کا امین صوبہ ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ یہاں ماضی کا مثالی امن بحال کرکے عوام کو جانی و مالی تحفظ فراہم کیا جائے ۔

اس موقع پر نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاءکو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری خزانہ بابر خان نے بلوچستان کی معاشی و اقتصادی ترقی، درکار و دستیاب وسائل، امن وامان سرمایہ کاری کے مواقعوں سمیت مختلف شعبوں سے متعلق آگاہ کیا اور شرکاءکے سوالات کے جواب دئیے پروگرام کے اختتام پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے چیف آرگنائزر بریگیڈیئر سجاد حسین نے سونیئر کا تبادلہ کیا۔