اسلام آباد، 10 جنوری (اے پی پی ):وفاقی دارلحکومت میں بدھ کو دو روزہ گلوبل ہیلتھ سیکورٹی سربراہ کانفرنس کا آغاز ہوا، کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم انوارلحق کاکڑ نے کیا ، کانفرنس میں 70 سے زائد ممالک کے وفودنے شرکت کی ہے۔
افتتاحی تقریب میں اے پی پی سے بات کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ اس کانفرنس کا انعقاد پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان صحت سے متعلق شعبوں کو مضبوط بنانے کیلئے اہم موڑ پر کھڑا ہے۔
کانفرنس میں شریک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیاء نے کہا کہ کراس بارڈر بیماریوں کی منتقلی دنیا کیلئے ایک چیلنج ہے اور اقوام عالم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کی تشکیل ہونی چاہیئے۔
کانفرنس میں صحت کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ گلوبل ہیلتھ سیکورٹی سمٹ کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ یہ کانفرنس آنے والی نسلوں کیلئے صحت مند مستقبل کی راہ ہموار کرے گی۔











