سبی، 26 جنوری(اے پی پی): نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دی جارہی ہے۔کوئٹہ، سبی، ژوب اور لورالائی میں فری لانس ڈیجیٹل پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں میر چاکر رند یونیورسٹی سبی میں فری لانس ٹریننگ پروگرام ”ڈی جی بز” کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں میر چاکر رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر، لیکچرار سمیت طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نوجوان افرادی قوت کو فنی تربیت کی فراہمی سے بہتر نتائج اخذ کیے جاسکتے ہیں اور نوجوانوں کی مثبت سمت میں رہنمائی اور مواقعوں کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکلز ڈویلپمنٹ کی افادیت، اہمیت وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے، نگراں صوبائی حکومت نے بلوچستان کے نوجوانوں کی فنی تربیت کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور جلد ہی بلوچستان کے نوجوانوں کا کردار ملک بھر میں نمایاں نظر آئے گا۔
نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے میر چاکر رند یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات میں اسکالر شپس کے چیکس بھی تقسیم کئے۔