گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے بین الاقوامی غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے وفد کی ملاقات

3

لاہور، یکم فروری، (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے بین الاقوامی غیر سرکاری فلاحی تنظیم مرسی کور کے ریجنل ڈائریکٹر ایلن گلاسگو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں ڈاکٹر فرح نورین (ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر ایشیا مرسی کور، عاصم سلیم کنٹری ڈائریکٹر، عدیل طاہر سینئر پروگرام منیجر ٹی بی پروگرام، ڈاکٹر عنبر الٰہی پروجیکٹ منیجر پنجاب اور عالمگیر خان سینئر منیجر سکیورٹی اینڈ گورنمنٹ لائیزون شامل تھے۔

 وفد نے گورنر پنجاب کو صوبے میں ٹی بی کنٹرول، صاف پانی کی فراہمی، زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور تخفیف غربت پر کام کے حوالے سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے اس ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایک کامیاب ماڈل ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت بالخصوص ٹی بی کنٹرول اور تعلیم کے شعبے میں آپ کا ادارہ جو کام کررہا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انھوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت کے بہت سے مسائل گندے پانی سے پیدا ہوتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی پر کام قابل تحسین ہے۔

انھوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت معاشرے میں بنیادی مسائل ہیں۔ گورنر پنجاب نے بطور چانسلر جامعات میں نوجوانوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر مسٹر ایلن نے پنجاب میں حکومت کے ساتھ مل کر صاف پانی کی فراہمی ، معاشی بہتری ، تعلیم اور غذائی قلت کو دور کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔