ملتان، 22 مارچ (اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صاف پانی کے بچاؤ کے حوالے سے 22 مارچ کو ورلڈ واٹر ڈے کے موقع پر “پانی بچائیں زندگی بچائیں” کے عنوان سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے کہا کہ پانی قدرت کا بیش بہا خزانہ ہے صاف پانی کا ہر قطرہ قیمتی ہے اس گرانقدر نعمت کی قدر کرنی چاہیے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے ہر شہری ذمہ داری کا احساس کرے تاکہ زندگی کی اس بنیادی ضرورت سے ہماری آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا ملتان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے دن رات کوشا ں ہے اور اس بنیادی سہولت کی فراہمی میں بہتری لانے کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ایم ڈی واساچوہدری محمد دانش نے مزید کہا کہ ملتان شہر میں 1448کلومیٹر طویل واٹر سپلائی نیٹ ورک اور (84)ٹیوب ویل اور 65 واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے روزانہ 3مرتبہ شہریوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے شہری اس نعمت کو احتیاط سے استعمال کریں اور اس کو ضائع ہونے سے بچائیں۔
ڈائریکٹر انجینئرنگ و ریکوری عبدالسلام، ڈائریکٹر ایڈمن احسن بلال قریشی، ڈائریکٹر ورکس عارف عباس،ڈپٹی ڈائریکٹرز منصور احمد، محمد ندیم، حسن محمود بخاری، سمیت دیگر افسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں واک میں شرکت کی۔