صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس ، پنجاب بنک کی کسان دوست کریڈٹ کارڈ سکیم کا جائزہ لیا گیا

31

لاہور،22مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس میں   پنجاب بنک کی کسان دوست کریڈٹ کارڈ سکیم کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو،چیرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف،پنجاب بنک کے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ نوفل داؤد نے شرکت کی۔

 پنجاب بنک  نے  بریفنگ میں بتا یا   گیا کہ  پنجاب بھر کے تمام چھوٹے کاشتکاروں کے لئے ڈیجیٹل فریم ورک کے ذریعے ایگرکلچر ان پٹس پر قرضے کی سہولت کی تجویز دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قرض آسان شرائط اور 10فیصد شرح سود پر دیا جائے گا۔ابتدائی طور پر سکیم 5لاکھ کاشتکاروں اور کم از کم 5ایکڑ اور زیادہ سے زیادہ 25ایکڑ اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو دینے کی تجویز دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے لئے ابتدائی فنانشل کاسٹ 10.34ارب روپے ہو گی اور مجموعی طور پر 75ارب مالیت کے قرضے 6ماہ کی مدت کے لئے دیئے جائیں گے۔ اہم اسٹیک ہولڈرز بنک آف پنجاب،بورڈ آف ریونیو،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی،محکمہ زراعت و خزانہ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ہوں گے۔

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت کی اولین ترجیح کاشتکاروں کی خوشحالی اور انکو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہے۔ صوبائی وزیر نے کسان دوست کریڈٹ کارڈ سکیم کی کامیابی کے لئے آن لائن اپیلی کیشن پروسس میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور ہر 6ماہ بعد زرعی ان پٹس پر کسانوں کو دی جانے والی سبسڈی کا تخمینہ لگانے کے احکامات جاری کئے۔