اسلام آباد ،23 اپریل( اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے میں لائیو سٹاک کا شعبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ،زراعت کی جی ڈی پی میں لائیو سٹاک کا حصہ تقریباً 62 فیصد ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر رانا تنویر نے لائیو سٹاک کو درپیش چیلنجز اور کار کردگی بارے کمشنر لائیو سٹاک ڈاکٹر اکرم کیجانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔وفاقی سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی کیپٹن ریٹایرڈ محمد آصف بھی بریفنگ میں موجود تھے۔
اس موقع پروفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان میں تقریبا 8ً ملین خاندان لائیو سٹاک کے شعبے سے منسلک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں زرمبادلہ حاصل کرنے کے لئے بہت صلاحیت موجود ہے ،پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک ہے،ملک بھر میں گوشت اور دودھ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا۔
رانا تنویر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ،زرعی شعبے کی ترقی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار Annual Health Bill تشکیل دیا ہے جس کا مقصد ویٹرنی سائنسز اور جانوروں کی فلاح و بہبود کو منظم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، یہ بل جلد ہی کیبنٹ میں منظوری کیلیے بھیجا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے سرویلنس کے نظام کو مضبوط بنارہے ہیں، بیماریوں کے حقیقی ڈیٹا کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ جانوروں کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کیا جارہا ہے۔