اسلام آباد، 24 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کو بدھ کو نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا کے سینئر حکام نے حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والی اموات پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ جن لوگوں کے مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کو بھی مالی امداد دی جائے۔
وفاقی وزیر نے اعلی حکام سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے جو بھی امداد دی جائے اس میں شفافیت کو مد نظر رکھا جائے۔ وفاقی وزیر نے حکام کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کو معاوضہ دیا جائے جبکہ زخمیوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولت مہیا کی جائے ۔
پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ 12 اپریل سے اب تک بارش سے متعلقہ واقعات میں جاں بحق ہونے والوں میں 33 بچے، 14 مرد اور 12 خواتین شامل ہیں جب کہ مجموعی طور پر 72 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ 2883 مکانات اور 68 سکولوں کو نقصان پہنچا جبکہ 309 مویشی ہلاک ہو گئے۔
حکام نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ضلع شانگلہ، سوات، مانسہرہ، بونیر، بنوں، وزیرستان، بٹگرام، مردان، ہنگو، کوہاٹ، خیبر، دیر، ضلع مہمند، ضلع باجوڑ، چترال، کرک، ٹانک، پشاور اور ضلع چارسدہ شامل ہیں۔