سرگودھا؛ آب پاک اتھارٹی کیجانب سے تمام محکموں کے واٹر فلٹریشن پلانٹس اپنے زیر قبضہ لینے کیلئے سروے شروع

30

سرگودھا،22 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت آب پاک اتھارٹی نے سرگودھا  ڈویژن کے تمام محکموں کے واٹر فلٹریشن پلانٹس اپنے زیر قبضہ لینے کیلئے سروے شروع کر دیا ہے ، اتھارٹی ان تمام پلانٹس کا مکمل آڈٹ کر کے ناکارہ پلانٹس کی تعمیر ومرمت کو یقینی بناکر اسے ٹھیکے پر دینے کے علاوہ مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر ان کے سپرد کرنے  کی منصوبہ بندی کررہی ہے جو  ان پلانٹس کو فعال رکھنے کے ساتھ تعمیر ومرمت کے ذمہ دار ہونگے ۔ آب پاک اتھارٹی صرف ان پلانٹس کے پانی کا ٹیسٹ کر کے رپورٹ آویزاں کرنے کی پابند ہو گی ۔

ان  خیالات کا  اظہارکمشنر سرگودھا  ڈویژن محمد اجمل بھٹی کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں سی او آ ب پاک اتھارٹی پنجاب زاہد عزیز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ویڈیو لنک  کے ذریعے شرکت کی۔ چاروں ڈپٹی کمشنرز ، ڈائریکٹرڈویلپمنٹ اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے علاوہ میونسپل افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی سروے کے مطابق ڈویژن بھر میں 125 پلانٹس میں سے 85 غیر فعال پائے گئے ہیں ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیاکہ آپ پاک اتھارٹی کے  چاروں اضلاع میں اپنے  69 پلانٹس بھی فعال ہیں ۔

 کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو آب پاک اتھارٹی کو مکمل معاونت کرکے سروے جلد مکمل کروانے کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی موجودہ فنکشنل اور نان فنکشنل پلانٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے کے بعد ان پلانٹس کو مستقل بنیادوں پر چلانے کا مینجمنٹ ماڈل بنایا جائیگا ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فلٹریشن پلانٹس کی شکایات کے حوالے سے ٹال فری نمبر جاری کیا جائیگا جبکہ تھرڈ پارٹی سے  وقتاً فوقتاً پانی کا ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا ۔

کمشنر کاکہنا تھا کہ سرگودھا ڈویژن کے رہائشیوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی دستیابی سنگین مسئلہ ہے،فلٹریشن پلانٹس کو بحال کرکے معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے آ ب پاک اتھارٹی سے مل کر ہر ممکن اقدامات کریں گے۔