وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات

21

لاہور 21 جولائی(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر نے صوبے بھر میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، برن سنٹر بہاولپور کے قیام، فیلڈ ہسپتالوں، کلینک آن ویل اور مریم نواز ہیلتھ کلینک پراجیکٹ جیسے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر شہر کی یکساں ترقی کے ویژن کو “گیم چینجر” قرار دیا اور ائیر ایمبولینس، فیلڈ ہسپتال اور تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی وزیراعلیٰ کی قیادت کی تعریف کی۔اس موقع پر بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی اور دونوں رہنماؤں نے بہاولپور کے سول ہسپتال کے قریب چلڈرن ہسپتال کی تعمیر پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ بہاولپور چلڈرن ہسپتال پراجیکٹ کا پلان فوری طور پر طلب کیا جائے اور کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کی ترقی کے منصوبے ان کے دل کے بے حد قریب ہیں اور ہر شہر اور علاقے کو مساوی ترقی دینا حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے اعتراف کیا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے ثمرات صوبے کے ہر شہر اور قصبے تک پہنچ رہے ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق، وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت اور تیزرفتاری کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے ۔