ملتان:ریسکیو1122 کی جانب سے مختلف ادارو ں میں دل بندہونے پرسانس بحال کرنے کی ہنگامی تربیت دینے کافیصلہ

26

 ملتان22جولائی (اے پی پی )ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر حسین میاں نے منگل کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی سے اپنے دفترمیں ملاقات کی ۔ملاقات میں شہریوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی سے متعلق اقدامات کاجائزہ لیاگیاجس میں جنوبی پنجاب کے تعلیمی اداروں ،دفاتراوردیگر مقامات میں دل بند ہونے کی صورت میں سی پی آرکی تربیت دینے کافیصلہ ہوا۔

اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہاکہ دل بند ہونے ،کرنٹ لگنے یاڈوبنے کی صورت میں فوری اقدامات اورسی پی آر کی مہارت انسانی جان بچانے میں کلیدی کردار اداکرسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر فرد کو یہ تربیت حاصل کرنی چاہیے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری مددفراہم کی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ لاہور میں لیکچر کے دوران ایک استاد کے انتقال کاواقعہ نہایت افسوسناک اورسبق آموزہے ۔اس واقعہ نے سی پی آرکی تربیت کو اجاگرکردیاہے ۔ریسکیو1122کے تعاون سے یہ تربیتی مہم سکولوں ،کالجوں اوریونیورسٹیوں میں شروع کی جائے گی جس کے بعد تمام بڑے سرکاری ونجی اداروں تک اس کادائرہ کار بڑھایاجائے گا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹرحسین میاں نے کہاکہ ایمرجنسی میں سی پی آرکی تربیت بہت سی قیمتی جانیں بچاسکتی ہے اس سے دل کی دھڑکن اورسانس بحال کرنے میں مددملتی ہے ۔آخرمیں جنوبی پنجاب کے افسران اورسٹاف کو سی پی آرکی تربیت دی گئی۔