ملتان 31 جولائی )اے پی پی):ملتان میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے چوکوں اور چوراہوں پر ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی جدید سہولت متعارف کرادی گئی۔سی پی او ملتان اور سی ٹی او ملتان نے ملتان میں پہلے ٹریفک کیاس کا افتتاح کر دیا ۔
ابتدائی طور پر نواں شہر چوک ابدالی روڈ پر جدید ٹیکنالوجی سے مزین کیبن نصب کیا گیا ہے جہاں شہری موٹر سائیکل کے لائسنس بنوانے اور ڈرائیونگ لائسنس وصول کرنے کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے متعلقہ تمام سہولیات اس کیاسک کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جبکہ چوک چوراہوں پر براہ راست لائسنس بنانے کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے۔
سی ٹی او ملتان کے مطابق ٹریفک کنٹرول کے لیے کیاسک میں لاوڈ اسپیکر سسٹم بھی نصب ہوگا جس سے روڈ یوزرز کی غلطی کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی قوانین کی آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔ ٹریفک وارڈنز یہاں 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دیں گے اور ان کے لیے ٹھنڈے پانی، اے سی، آرام کرنے کی جگہ اور شدید موسم سے بچاؤ کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
سردار موارہن خان نے بتایا کہ نواں شہر چوک کے بعد ایس ایس پی چوک، بوسن روڈ، ایل ایم کیو روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی مرحلہ وار ٹریفک کیاسک متعارف کروائے جائیں گے۔ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عمل میں لایا جا رہا ہے۔











