محفوظ سفر محفوظ پاکستان: پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام سیمنار اور واک کا انعقاد

37

لاہور، 13 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) میں منعقدہ “محفوظ سفر محفوظ پاکستان” سیمنار اور واک میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122 کے حکام اور یونیورسٹی کے طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ڈائریکٹر پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ڈاکٹر احمد خاور شہزاد نے بریفنگ میں کہا کہ ادارے کے قیام کا مقصد محفوظ ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنانا ہے، حادثات کی روک تھام کیلئے موٹر بائیکس کی رفتار کی حد 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے اور سڑکوں کے معیار اور حفاظت کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سفر کو محفوظ بنانے اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر حادثات اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے ہوتے ہیں، موٹر بائیک حادثات کی شرح 65 فیصد تک ہے، اس لیے ڈرائیورز کی ٹریننگ اور شعور بیدار کرنے کی مہم وقت کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف عوام کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ اس سلسلے میں الیکٹرک اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی جا رہی ہے، سواری سے خود مختاری بائیکس اسکیم کے تحت 20 ہزار سے زائد طلبہ کو بائیکس فراہم کی جا چکی ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں پنجاب کے تمام اضلاع میں سینکڑوں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ لاہور میں پہلی الیکٹرک ٹرام بھی متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے اپیل کی کہ محفوظ سفر اور باشعور شہری بننے کا عہد کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ تقریب سے وائس چانسلر UET ڈاکٹر شاہد منیر اور ڈائریکٹر PRSA ڈاکٹر احمد خاور شہزاد نے بھی خطاب کیا۔