قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی آزادی کا حصول ممکن ہوا ، ایاز صادق

21

اسلام آباد، 14 اگست (اے  پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قوم کو  یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مبارکباد دیتے ہوءے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی آزادی کا حصول ممکن ہوا۔ آزادی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی اور معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں، اور “معرکہ حق” میں تاریخی فتح نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

بھارتی جارحیت کے خلاف “معرکہ حق” آپریشن کی شاندار کامیابی پر سردار ایاز صادق نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کے خلاف عظیم فتح حاصل کی۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی سیسہ پلائی ہوئی افواج ملک و قوم کا فخر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی موجودگی میں دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جبکہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔