یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر میونسپل کمیٹی آفس شجاع آباد میں ایک پروقار اور پُر جوش تقریب کا انعقاد

17

شجاع آباد،14 اگست(اے پی پی ): یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر میونسپل کمیٹی آفس شجاع آباد میں ایک پروقار اور پُر جوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے کی۔ صبح 8:59 بجے فضا میں قومی پرچم لہرا دیا گیا، جس پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شاندار سلامی پیش کی۔ شرکاء کے دل حب الوطنی کے جذبے سے سرشار تھے اور فضا “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے خطاب میں آزادی کی اہمیت، شہداء کی قربانیوں اور ملک کی خدمت کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنا ہوں گی۔تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نے محرم الحرام اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر شاندار کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں شیلڈز اور میڈلز تقسیم کیے، اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب میں مختلف محکموں کے افسران، ملازمین اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔