صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی دو بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ حکام کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی بات چیت

13

لاہور، 21 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی دو بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے پیسک ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
چین کی شینڈوگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ نے پنجاب میں ماحول دوست آرگینک کھاد بنانے کا کارخانہ لگانے کا اعلان کیا۔ اس منصوبے سے کسانوں کو براہِ راست فائدہ ہوگا اور زمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
اسی طرح تائیذو حواجیان پلاسٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی نے پنجاب میں ماحول دوست سی پی وی سی پائپ بنانے کا کارخانہ لگانے کا فیصلہ کیا۔ کلورین کے استعمال سے پہلی بار یہ پائپ مقامی سطح پر تیار ہوں گے۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ میرا حالیہ دورہ چین ثمر آور ثابت ہورہا ہے، اور چینی سرمایہ کار تیزی سے پنجاب کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے صنعتی یونٹس کے قیام سے مقامی افراد کو روزگار ملے گا اور پاکستان و چین کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب صنعتی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔ حکومت پنجاب ان کمپنیوں کو کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں کارخانے لگانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
ملاقات میں شینڈوگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ کے سی ای او جے چیانگ گینگ، تائیذو حواجیان پلاسٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی کے مسٹر بن، پاکستان-حونان چیمبر آف کامرس کے مسٹر نیکوچین اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی موجود تھے۔