لاہور، 21 ستمبر (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے سیلاب کی تباہ کاریاں اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بروقت اقدامات کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں خصوصی شرکت کی۔
سیمینار میں صوبائی وزیر برائے خوراک بلال یاسین، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروسز رضوان نصیر، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران، بشپ لاہور اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکاء کو سیلاب کی شدت، نقصانات اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ مدتوں بعد اتنی غیر یقینی صورتحال سامنے آئی، مون سون کے دوران بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی نے بڑے نقصانات پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خراجِ تحسین کی مستحق ہیں جنہوں نے بروقت تمام اداروں کو متحرک کیا اور تاریخی آپریشن لانچ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار آرمڈ فورسز سمیت تمام اداروں نے مل کر ایک ٹیم کی طرح کام کیا، انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، پولیس، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور محکمہ صحت نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی تک تمام عمل کو مانیٹر کیا گیا۔ وزراء کو متاثرہ علاقوں میں ڈیوٹیاں سونپی گئیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے اور متاثرین کو کیمپوں میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسرا مرحلہ نقصانات کے ازالے کا ہے، جس کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو ایک ماہ کے اندر تخمینے مکمل کریں گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب کی مالی صورتحال مستحکم ہے اور وزیراعلیٰ کے اعلان کردہ پیکج کے تحت متاثرین کو بروقت معاوضے دیے جائیں گے۔ پیکج کے مطابق مکمل تباہ شدہ گھروں کے لیے 10 لاکھ روپے، جزوی متاثرہ گھروں کے لیے 5 لاکھ روپے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ مویشیوں کے نقصانات پر بھی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔











