پشاور 26 ستمبر(اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے خیبر ضلع کی تحصیل باڑہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ ملک ظاہر شاہ کے حجرے میں سانحہ تیرہ کے شہداء کے لواحقین سے ملے اور ان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے واقعات پر صرف اظہار افسوس کافی نہیں بلکہ ہمیں بطور قوم اور ریاست، مؤثر عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امن و استحکام کے لیے قوم اور سیکیورٹی ادارے متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سات دہشت گرد حملوں کا سامنا کر چکے ہیں جن میں خودکش دھماکے بھی شامل تھے۔











