لاہور، 08 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت مینارٹی کارڈز فیز ٹو سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، ڈپٹی سیکرٹری عائشہ یاسین، پنجاب بینک، پی آئی ٹی بی، پی ایس پی اے اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مینارٹی کارڈز کے دوسرے مرحلے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے فیز ٹو کے تمام مراحل 30 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مرحلے میں 100 فیصد شفافیت یقینی بنائی جائے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے متعلقہ محکموں کو باہمی روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر مینارٹی کارڈز کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار کر دی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فیز ٹو کے لیے اب تک 1 لاکھ 14 ہزار 920 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ پی آئی ٹی بی نے تمام ڈیٹا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کو ارسال کر دیا ہے، جو نادرا اور دیگر اداروں سے تصدیق کے بعد متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو بھیجا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ فیز ون کے 46 ہزار 441 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مینارٹی کارڈز پروگرام تاریخی اہمیت کا حامل اور اقلیتوں کے سماجی تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کر رہی ہے۔











