وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کی سابق ڈپٹی میئر لاہور سواتی خان مرحوم کے گھر آمد، مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی

12

لاہورـ 10 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ سابق ڈپٹی میئر لاہور سواتی خان مرحوم کے گھر گئے، جہاں انہوں نے وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری مراد خان سے ان کے والد کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے کہا کہ سواتی خان مرحوم پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ تھے، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے مشکل دور میں پارٹی کے لیے گرانقدر خدمات اور قربانیاں دیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ عطااللہ تارڑ نے مراد خان اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور دکھ کی اس ساعت میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ معروف اداکار عزیز احمد عزیزی نے بھی مراد خان سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا.