اسلام آباد، 12 اکتوبر ( اے پی پی ): سہ فریقی اسپیکرز میٹنگ میں شرکت کیلئے آئے ہوئے گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کے اسپیکر نعمان کورتولموش نے اسلام آباد کی تاریخی فیصل مسجد کا دورہ کیا ہے۔ معزز مہمان اسپیکر نعمان کورتولموش نے فیصل مسجد میں نمازِ مغرب ادا کی-اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کی ترقی و خوشحالی، استحکام اور اُمتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ترکیہ کے اسپیکر نے فیصل مسجد کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اسلامی نوادرات کا مشاہدہ کیا۔ نعمان کورتولموش نے فیصل مسجد کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اولغو بھی موجود تھے-
گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کے اسپیکر کا دورہ فیصل مسجد دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے، تاریخی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔











