سینیٹر محمد اورنگزیب کی ورلڈ بینک گروپ کے سینئر منیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وین ٹروٹسین برگ سے ملاقات

9

واشنگٹن ڈی سی،14 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکہ کے سرکاری دورے کے پہلے دن واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک گروپ کے سینئر منیجنگ ڈائریکٹرایکسل وین ٹروٹسین برگ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے ورلڈ بینک کے تسلسل کے ساتھ تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک بڑے وجودی خطرے کی صورت اختیار کر چکی ہے،جس کی واضح مثال حالیہ تباہ کن سیلاب ہیں جنہوں نے زراعت اور معاشی نمو پر گہرا اثر ڈالا۔ انہوں نے موسمیاتی موافقت اور تخفیف  کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مزید مالی وسائل متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔