وفاقی وزیر خزانہ کا دورہِ امریکہ، عالمی بینک کے صدر سے ملاقات

14

 واشنگٹن ڈی سی، 17 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکہ کے دورے کے دوران عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے اہم ملاقات کی، جو آئی ایم ایف-ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر واشنگٹن میں ہوئی۔

‎ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

‎انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران نیویارک میں عالمی بینک کے صدر کے ساتھ ہونے والی نتیجہ خیز ملاقات کا حوالہ بھی دیا۔

‎وزیر خزانہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران کیے گئے حکومتی اقدامات سے صدر بانگا کو آگاہ کیا اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے عالمی بینک کی بروقت معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پر چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح کے لیے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز اور کوآپریٹو ماڈلز کے استعمال کو سراہا۔

‎سینیٹر اورنگزیب نے حکومت کی ٹیرف پالیسی کی تیاری میں عالمی بینک کی تکنیکی معاونت کو سراہا اور اس ضمن میں عالمی بینک کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے صوبوں کے ساتھ “کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک” کے نفاذ کے لیے ہونے والے معاہدوں پر بھی روشنی ڈالی۔

‎ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے کم آئی ڈی اے الاٹمنٹ کے تناظر میں اضافی مالی معاونت کی درخواست کی اور توانائی کے شعبے، خصوصاً گیس کے میدان میں، پائیدار اصلاحات کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

‎یہ ملاقات پاکستان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔