ملتان( 25 اکتوبر 2025) ڈویژنل انتظامیہ نے ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت مہم کے حوالے سے ایک اہم ڈویژنل اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو سمیت چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں مہم کے اہداف، صفائی کے معیار اور فیلڈ سطح کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے کنٹریکٹر کمپنیوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ناقص کارکردگی کی حامل کمپنیوں کے خلاف سخت احتساب کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد میں صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرے، فیلڈ سٹاف کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے اور یونین کونسل سطح پر قائم مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں صفائی نظام کو فعال بنانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن میں نمبردار، امام مسجد اور معززین علاقہ شامل ہیں۔سی ای او عبدالرزاق ڈوگر کے مطابق عملہ صفائی کی تنخواہوں اور مراعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ صفائی فیس کی وصولی کے لیے ڈویژن بھر میں آگاہی مہم شروع کی جائے اور شہریوں میں شعور اجاگر کر کے اس عمل کو مؤثر بنایا جائے۔ نجی ہاؤسنگ کالونیوں، منڈیوں اور بس اڈوں سمیت تمام عوامی مقامات پر بہتر صفائی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔











