سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، آنےوالے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی،رانا مشہود احمد خان

9

لاہور۔25اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہےکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پرسیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہیں ،عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا سیلاب متاثرین کیلئے تاریخی امدادی پیکج کا اعلان عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراین اے 129 سے قومی اسمبلی کے امیدوار حافظ میاں محمد نعمان ، کوآرڈینیٹر عائشہ ، آمنہ ،یو اے ای ایڈ نمائندوں ، مقامی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت خواتین و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد شروع ہونے پر اللہ تعالی کا شکرادا کرتے ہیں، سیلاب سے شہر اور دیہات زیر آب آگئے ،لوگوں کے گھر اور مال ومویشی بھی بہہ گئے، سیلاب کے دنوں میں قیامت کا سماں تھا، یاد آئے تو دل دہل جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاق میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز کی زیر قیادت پانی اترا تو اسی دن سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام شروع ہوگیا،جن کے گھر سیلاب میں بہہ گئے، ان کے گھرا ب آباد ہوگئے، تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی کا تاریخی دن خوش آئندہے ،مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہیں ،آج ہم سیلاب متاثرین کے گھر آباد ہونے تک آرام سے نہ بیٹھنے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں ۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جس طرح وفاق میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کوشاں رہے ،وہیں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ خود، ان کی کابینہ اور پوری ٹیم کئی ہفتے تک سیلاب متاثرین کے درمیان موجود رہی،تمام اداروں نے یک جان ہوکر کام کیا،حکومت پنجاب کی محنت کی وجہ سے سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کا کام شروع ہوا۔انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی خدمت سمجھ کر کی اوران کے ہر نقصان کا ازالہ کررہے ہیں،عوامی خدمت کیلئے اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے رہے، اب بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں ، خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا ،عوام کو آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے سیلاب متاثرین کی امداد پرمتحدہ عرب امارات حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انسانیت کی خدمت کیلئے پوری دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا ہے ،اس کی مثال یہ ہے کہ آج متحدہ عرب امارات کے تعاون سے اتنا خوبصورت پروگرام منعقد کیا گیا ہے،دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ این اے 129 سے قومی اسمبلی کے امیدوار حافظ میاں محمد نعمان نے کہاکہ آج کا دن بڑاخوشی کا دن ہے، جہاں سیلاب متاثرین نے اس آزمائش کا ڈٹ کے مقابلہ کیا ،وہیں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے بھی ایک ایک متاثرہ گھر کی دہلیز پر ان کیلئے امداد کا بندوبست کیا ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پوری دنیا ہماری طرف متوجہ ہوئی ،آج پنجاب میں ایک ایک گھر کے نقصان کا ازالہ کیا جا رہا ہےاورایک ایک گھر کے اندر خوراک فراہم کی گئی ہے، جن گھروں کے چولہے بجھ گئے تھے، وہ سارے چولہے جلا دیئے گئے ہیں،خدمت کا جو سفر ہم نے شروع کیاہے ،یونہی جاری و ساری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں یہ ملک پوری دنیا کی امیدوں کا مرکز و محور بن چکا ہے،عالمی طور پرپاکستان کی پذیرائی ہو رہی ہے،مشکلات کے دن گزر گئے ،اب آسانیوں کے دن شروع ہو چکے ہیں ۔آخر میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے 1500سیلاب متاثرین میں اشیائے خورونوش و دیگر امدادی سامان تقسیم کیا۔