پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے، چوہدری شجاعت حسین

11

لاہور، 24 جنوری(اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے سابق نگران صوبائی وزیر اور چیئرمین یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) ابراہیم حسن مراد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملک میں ٹیکنیکل اور فنی تعلیم کے فروغ سمیت دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ابراہیم حسن مراد نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور انہیں یو ایم ٹی میں جاری تدریسی عمل، جدید کورسز اور تعلیمی پروگرامز کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی اور تکنیکی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جو خوش آئند امر ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اگر نوجوانوں کو جدید علوم اور ہنر سے لیس کیا جائے تو ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید علوم کے فروغ کے لیے حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر فنی تعلیم کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اور یو ایم ٹی کے مابین معیاری فنی تعلیم کے فروغ کے لیے باہمی اشتراک کا معاہدہ پہلے سے موجود ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔