پشاور،05فروری (اے پی پی ): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک جائز اور اصولی جدوجہد ہے، کشمیری عوام کے حق آزادی کو طاقت، ظلم و جبر سے نہیں دبایا جا سکتا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مرکزی ریلی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ کشمیریوں کے حق آزادی کے لئے ہمیں سفارتی کوششوں کو پہلے سے زیادہ تیز اور مؤثر بنانا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور ان کی دیرینہ امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی جارحیت اور مظالم کا فوری نوٹس لے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا۔











