یومِ یکجہتی کشمیر،ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام ریلی، بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج

13

کوئٹہ۔ 05 فروری (اے پی پی):یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام

پر بھارتی مظالم کے خلاف اور ان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ اور اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران، سرکاری ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اپنے مقررہ مقام پر پہنچی، جہاں شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکا نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی جبر، تشدد اور غیر قانونی قبضے کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور یومِ یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ مظلوم کشمیری تنہا نہیں۔

انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مثر کردار ادا کریں۔ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، خطے میں امن و استحکام اور مظلوموں کی حمایت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔