سکھر،5فروری(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سکھر میونسپل اسٹیڈیم سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بشریٰ منصور نے کی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز،میڈم شائستہ بلوچ چیئرپرسن اسٹیپ فاؤنڈیشن سکھر ڈاکٹر سعید اعوان ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر،سید مرتضی شاہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بھی ہمراہ تھے۔
ریلی میں سول ڈیفنس، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیری اور پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ ریلی کے دوران “کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی” اور “کشمیر آزاد کرو” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بشریٰ منصور نے کہا کہ کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم بھارت کے بزدلانہ رویے کا واضح ثبوت ہیں۔ کشمیری عوام کسی صورت جھکنے، بکنے اور ہارنے والے نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہر فورم پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیر کی آزادی تک ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی اسی سلسلے میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد بھی آئندہ جاری رکھا جائے گا۔
اے ڈی سی بشریٰ منصور نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ کشمیری عوام پر بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔











