دبئی،06 فروری (اے پی پی ): وزیر داخلہ محسن نقوی نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کی اور یو اے ای کے وزیر داخلہ اور روانڈا کے وزیر داخلہ ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یو اے ای کے نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زید النہیان اور روانڈا کے ہم منصب ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے پولیسنگ نظام سے عملی استفادہ کرنے کے لیے ایکسچینج پروگرامز فائدہ مند ثابت ہو گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی اور روانڈا کے وزیر داخلہ ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا نے آن لائن ٹیررازم اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا۔
چئیرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے اے سی سی کے ہیڈ کواٹر کا بھی دورہ کیا۔











