یوم یکجہتی کشمیر :تھرپارکر میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے یومِ کشمیر منایا گیا

12

تھرپارکر،5فروری(اے پی پی): کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر یومِ کشمیر منایا گیا۔ اسی سلسلے میں ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے بھی اس دن کی مناسبت سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر پرتھوی راج اور اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف کی قیادت میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک مٹھی تک ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں سرکاری محکموں کے افسران و عملہ، اساتذہ، طلبہ، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان، سماجی و سیاسی کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر پرتھوی راج اور دیگر مقررین نے کہا کہ ہم اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے کی جانب سے منظور شدہ جموں و کشمیر کے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور کشمیریوں کو بھارت کے مظالم اور بربریت سے نجات دلا کر انہیں اپنی مرضی کے مطابق آزاد زندگی گزارنے کا حق دیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی اور جبر کے ذریعے مظلوموں کی آواز کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا، جبکہ ہم کشمیری بھائیوں کی قومی، اخلاقی اور قانونی حمایت جاری رکھیں گے۔

مقررین نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ دنیا میں امن و امان کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے مقامی اور ملکی میڈیا اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لیے بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے کشمیریوں کے حقوق کو اجاگر کریں۔ ہمیں یقین ہے کہ کشمیریوں کو اپنی قربانیوں کا پھل ضرور ملے گا اور ان کا دیا گیا خون اور جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔ دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیریوں کو ان کے حقیقی مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے۔