اقوامِ متحدہ، 6 فروری (اے پی پی):پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں اور پولیسنگ کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اقوامِ متحدہ پولیس کے ناگزیر کردار کو اجاگر کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن مشنوں، پولیس کمشنرز کے موضوع پر منعقدہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے، پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امن مشنز سلامتی کونسل کے لیے بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے کی اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرنے کا ایک کلیدی ذریعہ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن مشنز ایک اجتماعی ذمہ داری ہیں اور اقوامِ متحدہ کے نیلے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے امن دستوں کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستان کی دیرینہ شراکت کا ذکر کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان اب تک 50 سے زائد فارمد پولیس یونٹس اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں کے لیے فراہم کر چکا ہے، جن میں ہیٹی، دارفور، تیمور لیستے اور کوٹ ڈی آئیوار سمیت دیگر مشنز شامل ہیں۔انہوں نے ڈیوٹی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 11 پاکستانی پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور بتایا کہ پاکستان اس وقت ایک فارمد پولیس یونٹ کو تیز رفتار تعیناتی کی سطح پر تیار رکھے ہوئے ہے، جو عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل تیاری کا مظہر ہے۔
سفیر عاصم نے اقوامِ متحدہ پولیس کے تحت خدمات انجام دینے والے پاکستانی پولیس افسران کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے یاد دلایا کہ پاکستانی پولیس خاتون شہزادی گل فام 2011 میں انٹرنیشنل فیمیل پولیس پیس کیپر ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ماہ UNMISS میں خدمات انجام دینے والے 13 پاکستانی پولیس اہلکاروں بشمول تین خواتین کو شاندار خدمات کے اعتراف میں اقوامِ متحدہ کے تمغے دیے گئے۔
سفیر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ پولیس (UNPOL) امن مشنوں کا ایک مرکزی عملی ستون ہے جو سیاسی عمل کی معاونت، شہریوں کے تحفظ، قانون کی حکمرانی کے فروغ اور پائیدار منتقلی کے عمل کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،خصوصاً ایسے پیچیدہ، غیر مستحکم اور وسائل کی قلت سے دوچار ماحول میں۔ انہوں نے زور دیا کہ کئی مقامات پر اقوامِ متحدہ پولیس مقامی آبادی اور اقوامِ متحدہ کے درمیان سب سے نمایاں اور قابلِ اعتماد رابطہ کا کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ Blue Helmets اقوامِ متحدہ کے امن و استحکام کے عزم کی سب سے نمایاں علامت ہیں اور ادارے کی ساکھ اور افادیت کا مرکزی ستون ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر، سفیر عاصم افتخار احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تمام شراکت داروں کے ساتھ تعمیری انداز میں کام جاری رکھے گا تاکہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز اور پولیسنگ کو ان کے نہایت اہم مینڈیٹس کی مؤثر انجام دہی کے لیے مناسب وسائل اور عملی صلاحیت فراہم کی جا سکے۔











