لودھراں،09 فروری(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے رمضان نگہبان پیکیج اور رمضان دسترخوان کے مؤثر نفاذ کے لیے ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان نگہبان کارڈز کی ترسیل، رقوم کی ادائیگی اور رمضان دسترخوانوں کے قیام و نگرانی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع لودھراں میں 53 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں رمضان نگہبان کارڈز تقسیم کیے جائیں گے، جو اربن یونٹ کے شمار کنندگان گھر گھر جا کر مستحقین کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔ اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں 178 شمار کنندگان پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کارڈ ہولڈرز کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد پوری رقم ادا کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ رقوم کی شفاف ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب بینک کے آفیشلز تعینات ہوں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ کارڈز کی ترسیل، رقوم کی ادائیگی اور رمضان دسترخوانوں کی نگرانی کرے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع لودھراں اور اس کی تینوں تحصیلوں میں مجموعی طور پر 24 رمضان دسترخوان قائم کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں آٹھ، آٹھ رمضان دسترخوانوں کے لیے مناسب اور کھلی جگہوں کا انتخاب کریں۔ اس کے علاوہ ضلعی ہیڈکوارٹر میں ماڈل بازار جبکہ تحصیلوں میں رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے عین مطابق رمضان نگہبان پیکیج اور رمضان دسترخوانوں کی برانڈنگ، رپورٹنگ میکانزم اور تمام انتظامی امور کی براہ راست نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ مستحق افراد کو ماہ رمضان میں بروقت اور مکمل ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن، لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











