ملتان،10فروری (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ ملتان نے شہریوں کو معیاری اور خاندانی تفریح فراہم کرنے کے لیے جشنِ ملتان کے تحت عظیم الشان ثقافتی میلہ سجانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں دوسرا آل پاکستان ثقافتی نیزہ بازی شو 9 اور 10 اپریل کو منعقد کیا جائے گا،جس میں ملک بھر سے نامور گھڑ سوار شرکت کریں گے۔
یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی صدارت میں منعقد ہونے والے ضلعی محکموں کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ جشنِ ملتان سلوگن کے تحت نیزہ بازی کے مقابلوں کے علاوہ بیل ریس، پیٹ شو، کلچرل سٹالز، میوزیکل نائٹ اور مشاعرے کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جبکہ فیملیز کی انٹری مکمل طور پر فری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے فول پروف سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جشنِ ملتان کے موقع پر فوڈ کورٹ،پلے لینڈ اور روایتی جھومر بھی پیش کیے جائیں گے تاکہ عوام بالخصوص بچوں اور فیملیز کو بھرپور تفریح فراہم کی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جشنِ ملتان کو یادگار بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔











