لودھراں: ماڈل ریڑھی بازاروں کے قیام کیلئے اقدامات تیز کرنیکی ہدایت

11

لودھراں، 16 فروری( اے پی پی ): ریلوے روڈ پر زیرِ تعمیر ماڈل ریڑھی بازار تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے منصوبے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ۔

متعلقہ افسران کو معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں کوالٹی پر خصوصی فوکس رکھا جائے جبکہ شجرکاری، مناسب لائٹنگ اور برانڈنگ کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ ماڈل ریڑھی بازار شہریوں اور دکانداروں کیلئے ایک مثالی سہولت بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ریڑھی بازار کو ہر لحاظ سے ماڈل بنایا جائے گا۔محمد اشرف نے افسران کو ہدایت کی کہ ماڈل بازار ایریا میں تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ویٹنگ ایریاز، پارکنگ اسٹینڈز اور واش رومز کو جلد از جلد فنکشنل کیا جائے۔

انہوں نے شیڈز کی تیاری میں معیاری میٹریل کے استعمال پر بھی زور دیا۔اس موقع پر سی او ایم سی عمر مختار، ایکسیئن محمد شفیق اور سب انجینئرز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماڈل ریڑھی بازار میں تمام بنیادی اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور ریڑھی بانوں کو منظم کاروباری مواقع میسر آ سکیں۔