ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فورٹ فوڈ سٹریٹ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن

8

ملتان، 07 مئی (اے پی پی ):   ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فورٹ فوڈ سٹریٹ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، جس کے تحت تاریخی قلعہ کہنہ قاسم باغ کو جدید سیاحتی، ثقافتی اور تفریحی مرکز میں تبدیل کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں انچارج فورٹ صلاح الدین مزاری نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فورٹ فوڈ سٹریٹ میں معروف فوڈ برانڈز، ثقافتی تقریبات، فیملی انٹرٹینمنٹ اور روایتی ملتان کے کھانوں کو یکجا کیا جائے گا تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بہترین تفریحی سہولیات میسر آسکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن عبدالصمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ عمیر غضنفر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ فورٹ فوڈ سٹریٹ منصوبہ ملتان کی ثقافت، تاریخی ورثے اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کے تاریخی ماحول کو جدید انداز میں بحال کرنے کی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون کے ساتھ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔