پاک چین دوستی معاشی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو چکی ہے، ہارون اختر خان

8

لاہور، 9 مئی (اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی معاشی شراکت داری اور تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں منعقدہ پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں چین کی 74 کمپنیوں کے 106 نمائندوں، پاکستان کی 136 کمپنیوں کے نمائندگان، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اعتماد، مستقل مزاجی اور مشترکہ وژن پر مبنی ہیں، جبکہ بزنس ٹو بزنس روابط دونوں ممالک کے درمیان نئی اقتصادی راہیں کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ دورۂ چین کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور کاروباری سہولتوں کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ نیشنل انڈسٹریل پالیسی، نیشنل ٹیرف پالیسی اور ریگولیٹری گیلوٹین جیسے اقدامات کے ذریعے کاروباری لاگت کم اور غیر ضروری ضابطہ جاتی رکاوٹیں ختم کی جا رہی ہیں۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ ہر مفاہمتی یادداشت اور جوائنٹ وینچر پر عملدرآمد کے لیے خصوصی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کو سہولت اور اعتماد فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، توانائی، بیٹری اسٹوریج اور الیکٹریفکیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بیٹری مینوفیکچرنگ اور انرجی اسٹوریج کا علاقائی مرکز بن سکتا ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان صرف صارف منڈی نہیں بلکہ ایک مضبوط مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی پارٹنر بننے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت اور جغرافیائی اہمیت سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور مینوفیکچرنگ تعاون کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستان تعمیر، جدت، مقابلے اور قیادت کے لیے تیار ہے۔” علاقائی امن اور استحکام پر بات کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور تعاون کے فروغ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے حالیہ ایران امریکا کشیدگی کے دوران خطے کو بڑے بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔