مکہ مکرمہ،30 مئی( اے پی پی): پاکستانی حج مشن کی بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف، عبدالوہاب سومرو کو لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ سے نواز دیا گیا-
سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کی شاندار کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر سراہا گیا ہے۔ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو کو “لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ” سے نواز دیا۔
عبدالوہاب سومرو امسال بھی نمایاں حج مشن سربراہان میں شامل رہے، جبکہ ان کی قیادت میں پاکستان حج مشن مسلسل دوسری مرتبہ ایکسی لینس ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
ایوارڈ تقریب کے دوران سعودی وزیر حج و عمرہ نے حج 1448 ہجری کے لیے نئی پالیسی اور ٹائم لائنز کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 12 ذوالحج 1447 ہجری سے آئندہ حج سیزن 1448 ہجری کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی حج مشن کی یہ کامیابی حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی خدمات اور انتظامات کے اعلیٰ معیار کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔











