ملتان ، 01 جون (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) عامر کریم خان کی زیر صدارت ایم ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بوسن روڈ تا کمپری ہینسو سکول لنک روڈ منصوبہ 40 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور اسے جون کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کمشنر عامر کریم خان نے منصوبے کے اطراف مقامی، سایہ دار اور پھولدار درخت لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ماحول دوست اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ممتاز آباد فلائی اوور بحالی منصوبہ 2 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ہے۔ کمشنر نے فلائی اوور پر کارپٹنگ، لین مارکنگ، کیٹ آئیز کی تنصیب اور خوبصورتی کے کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ولی محمد کنال تا بستی عالمگیر سروس روڈ منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جو 55 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔
کمشنر عامر کریم خان نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا اور واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں محمدی گراؤنڈ پارک منصوبے پر بھی غور کیا گیا جو 82.26 ملین روپے کی لاگت سے زیر تکمیل ہے۔ کمشنر نے پارک کو ایم ڈی اے کا لینڈ مارک منصوبہ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے واک وے، جاگنگ ٹریک، بچوں کے کھیل کے میدان، گزیبو، روشنی اور دیگر سہولیات جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔
اجلاس میں ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد، ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے عطا الرحمن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











