ملتان: وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر   کھلی کچہری ، 500 سے زائد شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات

1

ملتان 03 جون )اے پی پی):   وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

 رضا ہال میں منعقدہ کھلی کچہری کی صدارت ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے کی، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔

کھلی کچہری کے دوران 500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں زمینوں پر قبضوں، امن و امان، ریونیو اور دیگر سرکاری محکموں سے متعلق مسائل شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد شکایات کے فوری ازالے کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کو واضح ٹاسک دیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے فروغ اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جبکہ ہر ماہ تمام محکموں پر مشتمل مشترکہ کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر، اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر، منیجنگ ڈائریکٹر واسا، ایس پی آپریشنز سمیت مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔