لودھراں ،3 جون (اے پی پی ): سیکرٹری پنجاب پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ سلمان غنی نے لودھراں کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر محمد اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سرکاری مقدمات کی مؤثر پیروی میں حائل رکاوٹوں، محکمہ پراسیکیوشن کی کارکردگی بہتر بنانے اور حق دار افراد کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
سیکرٹری پراسیکیوشن نے بعد ازاں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر قائم نادار مرد و خواتین کے لیے مفت قانونی امداد فراہم کرنے والے لیگل سیل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نادار افراد کو مفت قانونی امداد کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور محکمہ فیمیلی کیسز، طلاق، نان نفقہ، سامان جہیز اور فوجداری مقدمات میں مستحق افراد کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
سلمان غنی نے کہا کہ زیر حراست افراد بھی جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے قانونی امداد کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر قاضی محمود علی اور دیگر افسران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پراسیکیوشن انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور پراسیکیوٹرز کو ادارے کے مثبت تشخص کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔
انہوں نے پراسیکیوٹرز کے سروس اسٹرکچر، ٹرانسفر پالیسی اور بجٹ سے متعلق اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پراسیکیوٹرز کی اپنے اضلاع میں تعیناتی کے لیے بھی کام جاری ہے۔ سیکرٹری پراسیکیوشن نے اینٹی ریپ اور ہراسمنٹ کیسز پر خصوصی توجہ دینے، عدالتوں میں مؤثر انداز میں پیش ہونے اور ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ بہتر روابط استوار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات جاری ہیں۔











