پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ، ملتان ڈویژن سروے میں صوبے بھر میں دوسرے نمبر پر آگیا

3

ملتان، 03  جون (اے پی پی  ):  کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں جاری سروے مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن پنجاب بھر میں سروے کی تکمیل کے حوالے سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ ڈویژن کی مجموعی ایک کروڑ 47 لاکھ آبادی میں سے ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد افراد کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ تقریباً 20 لاکھ افراد کے سروے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ضلع لودھراں 93 فیصد تکمیل کے ساتھ ڈویژن میں سرفہرست ہے جبکہ خانیوال 89 فیصد اور وہاڑی 87 فیصد تکمیل کی شرح حاصل کر چکے ہیں۔ جلال پور پیر والا کی تحصیل پنجاب بھر میں 99 فیصد تکمیل کے ساتھ نمایاں کارکردگی کی حامل قرار دی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 30 جون تک سروے کے تمام اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے سروے سے محروم رہ جانے والے علاقوں، کچی آبادیوں، مارکیٹس، ڈی ایچ اے، کنٹونمنٹ اور دیگر محدود رسائی والے مقامات پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا۔

انہوں نے عوامی آگاہی مہم مزید مؤثر بنانے، اضافی افرادی قوت فراہم کرنے اور فوکل پرسنز کی نگرانی بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ باقی ماندہ 20 لاکھ آبادی کا سروے زیادہ توجہ اور اضافی وسائل کا متقاضی ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔

اجلاس میں کنٹونمنٹ اور دیگر محدود رسائی والے علاقوں میں درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہفتہ وار بنیادوں پر سروے کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور ہر ضلع میں فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق، سٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب قمر زمان قیصرانی، ڈپٹی ڈائریکٹر و ریجنل سپروائزر پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری  محمد حسنین حیدر، ضلعی منیجر ڈاکٹر سید وقاص شبیر سمیت دیگر افسران شریک ہوئے جبکہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود تھے۔