لاہور، 03 جون ( اے پی پی ) : وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال میں پنجاب حکومت کی اولین ترجیح معاشی سرگرمیوں کا فروغ، صنعت کاری کی ترویج اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ ٹیکسٹائل اور سپورٹس انڈسٹری کے فروغ کے لیے خصوصی پیکج متعارف کروایا جائے گا۔ زرعی شعبے میں بھی اہم اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی تاکہ صوبے کی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پنجاب کی اقتصادی پالیسی، ٹیکس سسٹم ، محصولات میں اضافے کے امکانات اور صوبائی بجٹ 2026-27 کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی اور علاقائی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، جس کے تناظر میں موجودہ حالات میں ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ کی تیاری ایک بڑا چیلنج ہے۔ تاہم حکومت پنجاب تمام معاشی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا بجٹ پیش کرے گی جو ترقیاتی ضروریات اور مالیاتی نظم و ضبط کے درمیان توازن قائم رکھے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ صوبے کے ذاتی وسائل میں اضافے کے لیے ٹیکس سسٹم کو بتدریج بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی محصولات کے حوالے سے کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ ادارے کی استعداد کار میں اضافہ کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گا۔ ان پٹ ایڈجسٹمنٹ جیسے مسائل کے حل کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی کا اپنا سافٹ ویئر متعارف کروایا جائے گا جس سے ٹیکس نظام میں شفافیت اور سہولت کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور معاونت پنجاب ریونیو اتھارٹی پنجاب ریونیو اتھارٹی کے دائرہ کار میں وسعت کو یقینی بنائے گی۔ وزیر خزانہ نے آئندہ ریسورس موبلائزیشن کمیٹی میں کو بھی نمائندگی دی جائے گی تاکہ محصولات میں اضافے اور مالیاتی اصلاحات کے حوالے سے ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کی جانب سے بجٹ 2026-27 کے لیے پیش کی گئی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور قابلِ عمل سفارشات کو مالیاتی بجٹ اور ٹیکس پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران کے وفد نے صوبائی بجٹ، محصولات کے نظام، ٹیکس اصلاحات اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ حکومت پنجاب کے۔ مالیاتی نظم و نسق اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔ وفد نے آئندہ بھی حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور پالیسی سازی کے عمل میں اپنی پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔











