ملتان، 04 جون( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے گلی محلوں میں پیدل چل کر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود عملہ صفائی سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل منیجر آپریشنز انوار الحق نے صفائی آپریشن اور جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ اندرون شہر اور گنجان آباد علاقوں میں اضافی عملہ صفائی تعینات کیا جائے تاکہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز اضافی مشینری اور افرادی قوت کی خدمات حاصل کرکے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم دیہی علاقوں میں مزید توجہ اور فوکس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران قائم کیے گئے صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











