بی آئی ایس پی کے ساتھ تعلیم اور اسکل ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے: صوفیہ سعید شاہ

6

اسلام آباد،18جون(اے پی پی): رکن قومی اسمبلی صوفیہ سعید شاہ نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ تعلیم اور اسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اصلاحات اور کاروباری ماحول میں بہتری کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سہولتیں میسر آسکیں۔

آج قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے صوفیہ سعید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے، پنشن اور دیگر مالی ذمہ داریوں سے متعلق اصلاحات معیشت کے استحکام کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں، اس لیے ان کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے مزید وسائل اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی میں شفافیت اور عوامی فلاح کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی بحران کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر اضافی بوجھ پڑا، اس لیے اب قیمتوں میں کمی کے ذریعے عام آدمی کو مزید ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کا ایک بڑا حصہ قرضوں کی ادائیگیوں اور سود کی مد میں صرف ہوتا ہے، تاہم اس کے باوجود ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مزید وسائل مختص کرنے کی ضرورت ہے۔

صوفیہ سعید شاہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنے اور استحکام کی جانب گامزن کرنے میں کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا ہے اور ملک ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔