محرم الحرام: مرکزی کنٹرول روم مکمل فعال، جلوسوں اور مجالس کی جدید نظام سے مانیٹرنگ جاری

5

ملتان  24 جون (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق اور سٹی پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں موجود انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہیں کنٹرول روم کے آپریشنل نظام، مانیٹرنگ میکنزم اور سیکیورٹی اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ حکام نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

سی پی او صادق علی ڈوگر نے بھی سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی کہ حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری ردعمل یقینی بنایا جائے۔