لاہور، 24 جون (اے پی پی ): اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے چیف منیجر عنصر افتخار بٹ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی، خواتین کی مالی شمولیت، اسلامی بینکاری کے فروغ اور فارن ایکسچینج سے متعلق مسائل کے حل کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی فنانسنگ بڑھانے، کاروباری برادری کی استعداد میں اضافے اور مالیاتی شمولیت کے فروغ کے لیے گراس روٹ سطح پر سیمینارز، ٹریننگ پروگرامز اور ایس ایم ای بیٹھک کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، سابق صدر میاں انجم نثار، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سید سلمان علی، محسن بشیر اور افتخار احمد موجود تھے۔ اسٹیٹ بینک کے وفد میں ڈپٹی چیف منیجر فہد علی، کرنسی آفیسر سرفراز اے ندیم، ڈپٹی چیف بلال شفقت اور سینئر آفیسر حسان ظفر شامل تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے عنصر افتخار بٹ کو چیف منیجر، کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی قیادت میں اسٹیٹ بینک اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے سابق چیف منیجر طارق ریاض اور ان کی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں اسٹیٹ بینک اور لاہور چیمبر کے درمیان بہترین روابط قائم رہے۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور لاہور چیمبر نے گزشتہ برسوں کے دوران کئی اہم اقدامات پر مشترکہ طور پر کام کیا جن میں لاہور چیمبر کی ممبرشپ فیس کی ادائیگی کے لیے راست اور کیو آر کوڈ سسٹم کا آغاز ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2026 میں اسٹیٹ بینک اور لاہور چیمبر کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی جس نے ایس ایم ایز کو مالیاتی اداروں سے جوڑنے اور فنانسنگ کے مواقع سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک لاہور کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بینکاری اور مالیاتی مسائل کے حل میں اسٹیٹ بینک نے ہمیشہ کاروباری برادری کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ، کاروبار دوست بینکاری سہولیات اور معیشت کی دستاویزی شکل کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ادارے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ چیف مینیجر اسٹیٹ بینک عنصر افتخار بٹ نے کہا کہ کاروباری برادری سے براہ راست رابطہ اور ان کے مسائل کا ادراک اسٹیٹ بینک کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کی جانب سے ممبران کو راست پلیٹ فارم پر آن بورڈ کرنے اور فیسوں کی ادائیگی کے جدید نظام کو ایک قابل تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینک کاروباری برادری کے ساتھ مل کر صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباری افراد کی مالی شمولیت کے لیے مختلف اسکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں جبکہ اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے آگاہی سیشنز اور دیگر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فارن ایکسچینج سے متعلق مسائل پر لاہور چیمبر کے ساتھ مشترکہ سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی اسٹیٹ بینک ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔











