لودھراں،15 جولائی(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں گڈ گورننس اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلع ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اور تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتالوں کے اچانک دورے کیے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری، نرسری اور ڈائیلاسز وارڈز کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات، مشینری کی فعالیت اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر اورنگزیب، ڈاکٹر قربان حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہسپتالوں میں نظم و نسق مزید بہتر بنانے، لیبارٹری ٹیسٹوں کی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے اور مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے علاج معالجے پر بھرپور توجہ دینے اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لانے کے احکامات بھی جاری کیے۔انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے ہسپتالوں کے ماحول، طبی سہولیات اور علاج کے معیار سے متعلق دریافت کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہسپتالوں میں تمام ضروری سہولیات اور وسائل کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔











